7 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:8
کراچی میں امن کیلئے دو اضلاع میں کمشنری نظام ختم کیا ،بابر اعوان
آج نیوز - پیپلز پارٹی کے رہنماء سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون نے سرائیکی صوبے کی آواز دبانے کے لئے لندن میں بیٹھ کر پلان تیار کر لیا، کراچی میں امن کی بحالی کی خاطر سندھ کے دو اضلاع میں کمشنری نظام ختم کر دیا گیا۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع پر مشتمل الگ صوبے کی آواز پنجاب میں غیر سنجیدہ طرز حکمرانی کی وجہ سے بلند ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پسماندہ علاقوں کے فنڈز دوسرے شہروں میں خرچ کئے جائیں گے تو محرومی کا شکار طبقہ اپنے حق کے لئے اٹھ کھڑا ہو گا۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک آئینی مطالبہ ہے، جس سے وفاق کو کوئی خطرہ نہیں لیکن جب لوگوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جائے گی تو فیڈریشن کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں جنوبی پنجاب کی محرومیوں پر کھل کر بات کی جائے گی۔سینیٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں صرف شریف برادران ہی مایوسی کی ایک آواز ہیں، دیگر تمام جماعتیں جمہوریت میں ہی دلچسپی لے رہی ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ سندھ کے تئیس اضلاع میں سے صرف دو میں کمشنری نظام کا خاتمہ کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم سے مذاکرات جاری ہیں، جس کے بہتر نتائچ جلد سامنے آئیں گے۔