تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:8

بلدیاتی نظام کیخلاف سندھ بھر میں ہڑتال، احتجاج دھرنوں کا اعلان

آج نیوز - کراچی اور حیدرآباد میں سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی بحالی کے ذریعے حکومت ایم کیو ایم کو تو منانے میں کامیاب ہوگئی ہے تاہم دوسری جانب اسے نئے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ اے این پی تو ناراض ہے ہی لیکن سندھ کی قوم پرست جماعتوں کا ردعمل بھی حسب توقع انتہائی سخت ہے۔ کمشنری نظام کے خاتمے کے خلاف جئے سندھ تحریک نے آج صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے جبکہ عوامی تحریک نے آج سے سندھ بھر میں احتجاجی مظاہروں اور قومی شاہراہوں پر دھرنوں کا اعلان کیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جئے سندھ تحریک کے سربراہ ڈاکٹر صفدر سرکی نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس دو ہزارایک کے تحت کراچی اورحیدرآباد میں لوکل گورنمنٹ کی بحالی سے پیپلزپارٹی اورایم کیو ایم نے سندھ کی تقسیم کی سازش کی ہے ،حکومت اقدام کے خلاف کراچی سے کشمورتک پہیہ جام اورشٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ حیدرآباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتدار کی خاطر سندھ کا سودا کرلیا۔ کراچی اور حیدرآباد کو ایک مخصوص گروہ کے حوالے کردیا گیا ہے صوبے کی انتظامی تقسیم سندھ کی وحدانیت پر حملہ اور تقسیم کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آٹھ اگست سے بیس اگست تک سندھ بھر میں مظاہرے کئے جائیں گے۔ ایاز لطیف پلیجو نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ حکمرانوں کا اس وقت تک گھیراؤ کریں جب تک کراچی اور حیدرآباد کے لئے علیحدہ نظام کا آرڈی ننس واپس لے کر کمشنری نظام بحال نہیں کردیا جاتا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.