8 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:12
ایف بی آر اور صوبوں میں خدمات پر سیلز ٹیکس کی وصولی پر تنازعہ
آج نیوز - فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کے درمیان خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں تنازعہ پیدا ہوگیا۔ ٹیکس پئیرزتاحال الجھن کا شکارہیں۔ سندھ بورڈ آف ریونیو اور ایف بی آر کے درمیان خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی کے حوالے سے بڑا تنازعہ سامنے آیا ہے۔ ایف بی آر نے تاحال خدمات پر فیڈررل ایکسائز ڈیوٹی ختم نہیں کی جبکہ سندھ بورڈ آف ریونیو نے خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی شروع کردی ہے۔ جولائی کے سیلز ٹیکس اور ایکسائزگوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ پندرہ اگست ہے۔ ٹیکس پئیرز دہرے ٹیکس کے چکر سے شدید الجھن کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ خدمات پرفیڈررل ایکسائزڈیوٹی ختم کرنے کے حوالے سے چاروں صوبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت سندھ نے اٹھارویں ترمیم کے بعد سیلز ٹیکس کلکشن بل منظور کروالیا ہے جبکہ ایف بی آر ابھی تک فیڈرل ایکسائز ایکٹ دوہزار پانچ میں ترمیم نہیں کر سکی۔