تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:6

پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش، چار افراد جاں بحق

آج نیوز - پنجاب بھر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، لاہور اور سیالکوٹ میں چھتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ ملک کے شمالی علاقوں سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک گھر کی چھت گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے،جبکہ سیالکوٹ کے علاقے جان کے چیمہ میں چھت گرنے سے بہن بھائی دم توڑ گئے۔ لاہور میں بارش سے نسبت روڈ، کرشن نگر، اسلام پورہ، لکشمی چوک اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ جبکہ ملتان، دنیا پور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی اور بالائی علاقوں میں اگلے چوبیس گھنٹوں تک تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے موسلا دھار بارشوں کاامکان ہے۔ سب سے زیادہ بارش کاکول میں اڑسٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اٹھاون، سیالکوٹ اور دیر میں چھپن، لاہور اڑتالیس، رسالپور چھیالیس، بھکر پینتالیس، اور گوجرانوالہ میں اکتیس ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے نتیجے میں صوبے کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت میں بھی کمی ہوئی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں درجہ حرارت تیتئس سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ مظفر آباد بتیس، ملتان چالیس، مری تئیس، اور فیصل آباد میں چھتیس ڈگری رہا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.