8 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:11
اسلام آباد:بارش، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں
آج نیوز - طوفانی بارش نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پانی پانی کر دیا،بارش کے دوران اہم شاہراہیں ندی نالوں میں بدل گئیں۔ کئی سرکاری عمارتوں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔ اہم ترین شاہراہ دستور جہاں سیاسی جماعتیں ہمیشہ ہی عوامی سیلاب لانے کا خواب دیکھتی ریتی ہیں لیکن پیر کو ہونے والی باران رحمت سے حقیقی سیلاب آگیا۔ بادل اس زور سے برسا کہ منٹوں میں جل تھل ہوگیا۔ بارش کا پانی تو پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداریوں تک پہنچنے میں کامیاب رہا لیکن ارکان نہ پہنچ پائے اور قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔ بارش نے ایوان عدل اور ایوان صدر کو بھی نہ بخشا۔ پانی سپریم کورٹ کے بیسمنٹ میں داخل ہوگیا جبکہ ایوان صدر کی تیسری منزل کی چھت بھی ٹپک پڑی۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ شدید بارش سے سیونتھ اور نائنتھ ایونیو کے انڈر پاسز پانی سے بھر گئے ،سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔اکثر شہری بیچ سڑک اپنی خراب گاڑیاں درست کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ بارش کا پانی پولی کلینک کی ایمرجنسی اور او پی ڈی وارڈز میں بھی داخل ہو گیا۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کہتے ہیں حالیہ بارش سے سیلاب کا خطرہ نہیں۔شدید بارش کے باعث اسلام آباد آنے اور یہاں سے جانے والی متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ جڑواں شہر راولپنڈی میں انتہائی کم بارش ہوئی جس کی وجہ وہاں معمولات زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔