8 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:20
پارٹی قیادت سے ناراض چوہدری نثاروطن واپس پہنچ گئے
آج نیوز - قائد حزب اختلاف چوہدری نثار چھ ہفتے بعد وطن واپس پہنچ گئے مگر پارٹی قیادت سے ان کے اختلافات ختم نہ ہوسکے۔ اسلام آباد میں موجود ہونے کے باوجود نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری نثار علی خان پارٹی قیادت سے اختلافات کے باعث گزشتہ چھ ہفتے سے برطانیہ میں مقیم تھے، ذرائع کے مطابق چوہدری نثار ملک کی معروف کاروباری شخصیت کی پارٹی قیادت سے ملاقات پر ناراض تھے۔ چوہدری نثار مذکورہ کاروباری شخصیت کیخلاف پارلیمنٹ میں بھی احتجاج کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے شہباز شریف اور خواجہ آصف سے ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے کہا تھا تاہم شہباز شریف تین روز لندن میں قیام کے باوجود چوہدری نثار سے ملاقات میں ناکام رہے جس پر انہیں اپنا دورے میں توسیع کرنا پڑی۔ قریبی ساتھیوں کی مداخلت پرچوہدری نثار سے ملاقات ممکن ہوئی جس میں شہباز شریف نے گلے شکوے دور کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوہدری نثار کی پاکستان آمد کے باوجود وہ نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں موجود نہ تھے، جس میں نئے صوبوں کی تشکیل جیسے حساس معاملے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی گئی۔