8 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:28
ن لیگ نے نئے صوبوں کی حمایت کردی
آج نیوز - مسلم لیگ ن نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے آئینی ترامیم اور وسائل کی تقسیم سے متعلق اپوزیشن کی مشاورت سے قومی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی نئے صوبوں کے حوالے سے قائم کمیٹی کا اجلاس نواز شریف کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ میں پارٹی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق نے نواز شریف کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن نے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے وسائل کی تقسیم اور آئینی ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔کمیٹی نے لسانیت کی بجائے ملکی سطح پر انتظامی بنیادوں پر نئی اکائیاں بنانے، انتظامی سطح پر نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار آسان بنانے اور بھارتی طرز پر مستقل کمیشن کے قیام کی سفارش کی ہے۔ن لیگ کی رکن اسمبلی تہمینہ دولتانہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں پر کسی کو اعتراض نہیں ہے۔مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نئے صوبے کے قیام کو محض سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے، حکمران جماعت خود اس کام میں سنجیدہ نہیں ہے۔