تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:2

ملیر میں پولیس آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج، سترافراد گرفتار

آج نیوز - کراچی کے علاقے ملیر میں پولیس آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔کراچی کے مختلف علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران سترافراد کو گرفتارکرلیا گیا۔ رحمان ملک کہتے ہیں کراچی کا امن ہر صورت بحال کیا جائے گا.گلستان جوہرچورنگی کے قریب دو گروہ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ گھر گھر تلاشی کے بعد پچیس افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ سرجانی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن کے دوران آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن سے اسلحہ برآمد ہواہے۔ ملیر جعفر طیار میں شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاوٴن میں بیس سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سہراب گوٹھ کے قریب پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے چوبیس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قائد اعظم کالونی میں بھی چار افراد کو گرفتار کیا گیا۔ لانڈھی کے مختلف علاقوں میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے رات گئے سی سی پی او کراچی سے بات چیت کی۔ رحمان ملک نے کہا کہ تمام شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کسی گلی اور مشتبہ شخص کو بغیر سرچ کیے نہ چھوڑا جائے اور شرپسندوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ ڈی آئی جی ایسٹ نعیم اکرم نے کہا کہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ کوئی جعلی کارروائی نہیں کررہے۔اس سے پہلے رحمان ملک نے گورنر سندھ سے ملاقات اور میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ کراچی میں اسلحہ کے انبار ہیں.اکتیس اگست کے بعد تمام پرانے لائسنس منسوخ ہوجائیں گے صرف کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس ہی کارآمد ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.