9 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:30
کراچی و بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس مسلسل مندی کا شکار
آج نیوز - بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس کی طرح کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی، کاروبار کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس تین سو پوائنٹس سے زائد گر گیا۔ عالمی مارکیٹ کی طرح کراچی اسٹاک مارکیٹ بھی مسلسل مندی کا شکار ہے، مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی مارکیٹس مسلسل تیسرے روز شدید مندی سے دوچار رہیں۔ اسٹاک مارکیٹس کریش ہوگئیں۔ خام تیل چھ ماہ کی کم ترین سطح پر اور سونا نئی ریکارڈ قیمت سترہ سو پچاس ڈالر سے بھی سے تجاوز کر گیا۔ امریکا اور یورپ کے قرضوں کے بحران کے باعث بین الاقوامی مارکیٹس میں مندی کی لہرجاری ہے اور پہلی بار اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کی جانب سے امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کے اعلان کے بعد مندی میں شدت آنے سے مسلسل تیسرے سیشن میں ایشیائی، امریکی اور یورپی مارکیٹس میں پینک سیلنگ دیکھی جارہی ہے اور سرمایہ کار رسکی ایسٹس سے سرمایہ نکال کر سیف ہیون میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ ایشیائی سیشن میں جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں دس فیصد کمی کے بعد کچھ دیر کے لئے ٹریڈنگ روک دی گئی، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس ایک ہزار دو سو بتیس پوائنٹس گر گیا۔ ساتھ ہی جاپان کے نکئی انڈیکس میں چار سو سے زائد پوائنٹس کمی ہوگئی ، اور کاروبار کے آغاز پر ہی بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں تین فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت چھ ماہ کی کم ترین سطح اٹھانوے ڈالر کی سطح پر اور لائٹ سویٹ کروڈ دو ہزار دس کی کم ترین سطح پچھتر ڈالر سے کچھ ہی اوپر ٹریڈ کر رہا ہے۔ جبکہ فی اونس سونا مسلسل دوسرے سیشن میں اضافے کے ساتھ تاریخ کی ریکارڈ سطح سترہ سوپچاس ڈالر سے بھی تجاوز کر گیا۔