9 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:29
بیشتر علاقوں میں اگلے 36 گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان
آج نیوز - ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے چھتیس گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے برساتی نالوں میں طغیانی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ کشمیر، پنجاب،خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے اور بعض مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران وسطی اور جنوبی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ وہاڑی میں طوفانی بارش سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں لاہور میں اٹھانوے ملی میٹر بارش ہوئی۔ جبکہ اوکاڑہ میں چوراسی، ساہیوال چھیالیس، فیصل آباد اور جوہر آباد میں چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارشوں کے نتیجے میں پنجاب کے تمام شہروں میں درجہ حرارت تیس ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رہا، جبکہ ہوا میں کمی کا تناسب اکیانوئے فیصد رہا۔ فلڈ وارننگ سنٹر کے مطابق سندھ میں تربیلا، دریائے کابل میں نوشہرہ، دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر پور اور راوی میں بلوکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ جبکہ دریائے چناب میں مرالہ اور قادر آباد پر درمیانے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ اس دوران شمالی پنجاب میں ڈیک، پلکھو، بھیڈ، حصری، بسنتر نالوں، کوہ سلیمان رینج میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے برساتی نالوں میں بھی پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔