تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:33

منچھر جھیل میں آلودگی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش

آج نیوز - سندھ کے محکمہ آب پاشی نے منچھر جھیل میں آلودگی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی۔ سیکریٹری آبپاشی سندھ نے بتایا ہے کہ فنڈز کے لئے وفاقی حکومت کو خط لکھا ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ جسٹس شاکر اللہ جان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے منچھر جھیل میں آلودگی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر محکمہ آبپاشی سندھ نے منچھر جھیل میں آلودگی کے حوالے سے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ سیکریٹری آبپاشی سندھ نے بتایا کہ مختصر المیعاد اقدامات کا ساٹھ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے تاہم طویل المیعاد منصوبے کیلئے تیس سے چالیس ارب روپے درکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور واپڈا چھ اعشاریہ چھ ارب روپے فراہم کر رہے ہیں۔ فنڈز کیلئے وفاقی حکومت کو بھی خط لکھ چکے ہیں تاہم ابھی تک جواب نہیں ملا۔ جسٹس سرمد جلال عثمانی نے ریمارکس دیئے کہ صدر اور وزیراعظم کے دوروں کے لئے تو بڑی رقم ہے اور عام آدمی کو پینے کا صاف پانی بھی فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ منچھر جھیل کو میٹھے پانی کے ذخیرے کی بجائے موت کا سمندر بنا دیا گیا ہے۔ اس جھیل کی آلودگی سے دریائے سندھ کا پانی بھی آلودہ ہو رہا ہے۔ بعد میں صوبائی محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.