9 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:1
ملتان: حکومت کے سستے رمضان بازار ویران
آج نیوز - ملتان میں حکومت کی جانب سے لگائے گئے سستے رمضان بازار غیرمعیاری اور مہنگی اشیاء کی وجہ سے ویران ہوگئے۔ حکومت نے کمرتوڑ مہنگائی میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ملتان شہر سمیت جنوبی پنجاب میں سستے رمضان بازار تو قائم کر دیئے ہیں لیکن وہاں اشیائے ضرورت کے معیار کو بہتر نہیں بنایا جا سکا اور قیمتیں بھی اوپن مارکیٹ کے مطابق ہیں۔ ملتان میں ایم ڈی اے چوک کے قریب قائم ماڈل سستے رمضان بازار کی یہ صورتحال ہے کہ انتظامیہ نے لاکھوں روپے خرچ کر کے اسٹالز کو سجا رکھا ہے مگر یہاں خریداروں سے زیادہ سرکاری اہلکار نظر آ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سستے بازاروں میں اشیاء کی قیمتیں معمولی کم ہیں لیکن غیر معیاری چیزیں فروخت ہو رہی ہیں، جس سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق رمضان المبارک میں اشیائے ضرورت کی سستے داموں فراہمی کے حکومتی دعوے موثر ثابت نہیں ہو سکے اور وہ پہلے کی طرح ماہ صیام میں مشکلات کا شکار ہیں۔