9 اگست 2011
وقت اشاعت: 11:37
کراچی آپریشن ڈرامہ ہے، کوئی جرائم پیشہ فرد گرفتار نہیں ہوا، نبیل گبول
آج نیوز - پیپلز پارٹی کے ایم این اے نبیل گبول نے کراچی آپریشن کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد میں سے ایک کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران نبیل گبول نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ کراچی کے حالات کون خراب کر رہا ہے، چیلنج کرتا ہوں کہ کراچی میں تین روز میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن ڈرامہ ہے، جو گرفتار ہوئے انہیں منظر عام پر لایا جائے۔ نبیل گبول نے کہا کہ کراچی کے جرائم پیشہ افراد سب سے ڈرپوک ہیں، ایکشن لیں گے تو بھاگ جائیں گے۔ وزیرداخلہ انعام کی بات کرتے ہیں، پانچ ہزار جرائم پیشہ کے نام بتا سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سے پی پی کے تین ایم این اے ہیں کبھی مشارت کے لئے نہیں بلایا گیا۔ میرے ٹی وی پر آنے پر پابندی لگائی گئی۔ سچی بات کرنے پر رگڑا لگتا ہے لیکن اس کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیاری والوں کو پچاس ہزار یا دو لاکھ روپے کے بجائے فلیٹس دئیے جائیں۔