9 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:34
سونے کی قیمت میں تاریخی اضافہ، فی تولہ 27 ہزار کا ہو گیا
آج نیوز - ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت ستاون ہزار روپے پر پہنچ گئی، دس گرام سونا اڑتالیس ہزار روپے سے تجاوز کر گیا۔ پہلی مرتبہ امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے اسٹاک مارکٹس میں فروخت، جبکہ سونے میں خریداری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت باون ڈالر اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح ایک ہزار سات سو ستر ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔ جس کے بعد مقامی صرافہ بازار میں دس گرام اور تولہ قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، دس گرام سونا اٹھارہ سو تینتالیس روپے اضافے سے بلند ترین سطح اڑتالیس ہزار آٹھ سو ستاون روپے کا ہوگیا۔ فی تولہ بھاوٴ اکیس سو پچاس روپے مہنگا ہو کر ستاون ہزار روپے کی بلندی پر پہنچ گیا۔ گزشتہ دو روز میں دس گرام سونا دو ہزار نو سو ستاون روپے اور فی تولہ تین ہزار چار سو پچاس روپے مہنگا ہوگیا۔