9 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:46
سندھ کی قوم پرست جماعتوں کا ہڑتال کا اعلان
آج نیوز - سندھ کی اکیس قوم پرست جماعتوں نے کمشنری نظام کے خاتمے کیخلاف تیرہ اگست کو ہڑتال کا اعلان کردیا،جلال محمود شاہ کہتے ہیں ضرورت پڑی تو سندھ اسمبلی کا گھیراؤ بھی کیا جائے گا۔سندھ کی قوم پرست جماعتوں کااجلاس کراچی میں جی ایم سید کی رہائش گاہ حیدر منزل میں ہوا سابق وزیراعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو جسقم کے بشیر قریشی جیئے سندھ تحریک کے صفدر سرکی سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے شاہ محمود شاہ سمیت سول سوسائٹی کے ارکان اور سندھی دانشوروں نے بھی شرکت کی اجلاس کے بعد سابق اسپیکر جلال محمود شاہ نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کرسنایا اور تیرہ اگست کو ہڑتال کا اعلان کیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے جلال محمود شاہ نے سندھ بچاؤ کمیٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونل اور سیاسی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیاد پر اضلاع بنائے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے پانچوں اضلاع بحال کئے جائیں اور حیدرآباد کو توڑ کر بنائے جانے والے چاروں اضلاع ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے ، پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس دو ہزار فوری ختم کیا جائے۔ ورنہ حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے۔