10 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:8
لاہور:تین منزلہ عمارت گرنے سے خاتون اور بچہ جاں بحق
آج نیوز - لاہورمیں تین منزلہ بوسیدہ مکان گرنے سے نوعمرلڑکے سمیت دوافرادہلاک اورتین زخمی ہوگئے۔ اندرون شہر گمٹی بازار کی رہائشی بیوہ خاتون خالدہ پروین اپنے گھر کی تیسری منزل پر باتھ روم بنا رہی تھی کہ اچانک دن گیارہ بجے کے قریب مکان زور دار دھماکے سے زمین بوس ہوگیا۔ جس سے گھر میں موجود پانچ افراد خالدہ پروین اسکے دوبیٹے بارہ سالہ حمزہ ، گیارہ سالہ اسد، خالدہ کے گھر مہمان آئی ہوئی اسکی پچیس سالہ بہن رخسانہ اور چالیس سالہ مزدور دین محمد ملبے تلے دب گئے۔ فوری طور پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو اطلاع کی گئی تاہم امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے ہی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خالدہ پروین اور اسکے بیٹے حمزہ اور مزدور دین محمد کو زخمی حالت میں نکال لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر پچیس سالہ رخسانہ اور گیارہ سالہ اسد کی لاشیں نکالیں۔امدادی ٹیموں کا کہناہے کہ تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے انہیں بروقت جائے وقوعہ پر پہنچنے میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ اس موقعے پر موجود ٹی ایم او نے کہا کہ تمام گھر مخدوش ہیں اس حوالے سے تمام لوگوں کو نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں لیکن کوئی اس پر عمل درآمد نہیں کرتا۔تینوں زخمیوں کواسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔