10 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:37
بالی بم دھماکے:مرکزی ملزم عمر پاتیک انڈونیشیا کے حوالے
آج نیوز - بارہ اکتوبردوہزار دوکو انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے سیاحتی مقام کوٹا میں دھماکوں نے دوسودوافراد کوموت کے منہ میں دھکیل دیا تھا،آج پاکستان نے بالی بم دھماکوں کے مرکزی ملزم عمر پاتیک کو انڈونیشیا کے حوالیکردیا۔انڈونیشیا کو انتہائی مطلوب ملزم عمر پاتیک کو پچیس جنوری دو ہزار گیارہ میں ایبٹ آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پاکستان اور انڈونیشیا کی حکومتوں کے درمیان مذاکرات کے بعد حکومت نے ملزم کو انڈونیشیاکے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا۔ عمر پاتیک کو لینے کیلئے انڈونیشین سفارتخانے کے حکام خود اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں سے ملزم کو سخت سیکورٹی میں چکلالہ ائیر بیس پہنچایا گیا۔ جس کے بعد انڈونیشیا سے آنے والا خصوصی طیارہ عمر پاتیک کو لے کر روانہ ہوگیا۔ عمر پاتیک کا تعلق انڈونیشیا سے ہے اور اس کے سر کی قیمت دس لاکھ امریکی ڈالر مقرر تھی۔ اکتالیس سالہ عمر پاتیک پر الزام ہے کہ بالی خودکش حملے میں استعمال ہونے والے بم اس نے تیار کئے تھے۔ سال دو ہزار دو میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے بالی میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں دو سو دو افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن کی اکثریت آسٹریلوی سیاحوں پرمشتمل تھی۔