10 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:45
پاکستان نے ساف انڈر سکسٹین فٹبال چیمپئین شپ جیت لی
آج نیوز - پاکستان انڈر سکسٹین ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئین شپ جیت لی۔ قومی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہی۔نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان انڈر سکسٹین ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ قومی ٹیم کے ذیشان نے کھیل کے پچیسویں منٹ گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ جس کے بعد قومی کھلاڑیوں نے یکے بعد دیگرے حریف ٹیم کے گول پر حملے کیے اور پچاسویں منٹ میں منصور خان نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر گول کرکے قومی ٹیم کو دو ایک کی برتری دلادی۔ جس کے بعد بھارت نے مقابلہ برابر کرنے کی متعدد کوششیں کی تاہم قومی گول کیپر عثمان خان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے تمام حملے ناکام بنادیئے۔ پاکستان نے اس سے قبل ہونے والے گروپ میچ میں بھی بھارت کو شکست دی تھی۔ پاکستان ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں گیارہ گول اسکور کئے جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا۔