11 اگست 2011
وقت اشاعت: 1:21
سلیم شہزاد قتل کیس ،صحافیوں کے بیانات قلمبند
آج نیوز - صحافی سلیم شہزاد قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور صحافی علی دایال کے بیانات قلمبند کر لئے۔کمیشن کا اجلاس سپریم کورٹ کے جسٹس میاں ثاقب نثار کی صدارت میں ہوا، چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر پرویز شوکت نے بتایا کہ اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور صحافی علی دایال نے کمیشن کے روبرو اپنے بیانات قلمبند کرادیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول صحافی سلیم شہزاد نے ان دونوں گواہوں کو اپنے قتل کئے جانے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ پی ایف یو جے کے صدر کے مطابق اجلاس میں دونوں گواہوں کو ملنے والی ای میلز کا جائزہ لیا گیا، ان میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی ،پرویز شوکت نے مزید کہا کہ ابھی پولیس کی انکوائری جاری ہے اور مقتول کی فیملی کے بیانات بھی قلمبند کئے جانے ہیں۔ کمیشن کا اجلاس آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا۔