11 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:43
کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش
آج نیوز - کراچی سمیت اندرون سندھ کئی شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر تین میں گودام کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص اور مٹھی سمیت اندرون سندھ کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کم دباؤ کی وجہ سے کراچی میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ کم دباؤ کا سسٹم سندھ کی ساحلی پٹی پر فعال ہوگیا ہے۔ حیدر آباد، ٹھٹہ،سجاول، جاتی، جامشورو، بدین، میرپورخاص میں کئی گھنٹوں سے موسلا دھار بارش جاری ہے۔ مٹھی میں ڈی سی او نے ایمرجنسی نافذ کردی۔ رینجرز اور فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔ محکمہ نکاسی آب کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ سندھ کے کئی اضلاع میں اٹھارہ گھنٹے سے زائد بجلی بند ہے۔ جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد تمام فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔ مین ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی سے گرڈ اسٹیشنز کی بجلی معطل ہے۔ سندھ کے کئی اضلاع میں پانی گھروں میں داخل ہوچکا ہے۔ بدین میں کئی رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک معطل ہے جبکہ کئی گاؤں زیر آب آچکے ہیں۔ مون سون بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح سترہ سو سینتالیس فٹ سے تجاوز کرگئی۔ پانی کی سطح کم کرنے کے لئے اسپل وے کھول دیئے گئے۔