11 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:14
گوجرانوالہ: شہریوں کا یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ پر عدم اطمینان
آج نیوز - یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے خور و نوش سستی ہیں۔ مگر اس کے لئے سارا دن خوار ہونا پڑتا ہے۔ گوجرانوالہ میں شہریوں نے یوٹیلیٹی اسٹور انتظامیہ کے خلاف عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ماہ صیام میں دو ارب روپے کے رمضان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو اشیاء خوردونوش پر ریلیف دینے کا وعدہ کیا تھا،یوٹیلٹی اسٹورز سے عوام کو روپیہ دو روپیہ سستی اشیاء تو مل رہی ہیں لیکن سارا سارا دن خواری ان کا مقدر بن چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی ، دالوں ، بیسن اور دیگراشیاء کا وزن پورا نہیں ہوتا ، سستی چینی کے حصول کے لیے لوگ بڑی تعداد میں یوٹیلٹی اسٹورز کا رخ کرتے ہیں لیکن چینی اکثر دستیاب نہیں ہوتی۔ لوگوں کا کہنا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی انتظامیہ سستی اشیاء اپنے من پسند افراد ہی کو دیتی ہے جبکہ عام شہریوں کو چینی لینے کے لیے تین سو روپے تک کی خریداری پر مجبور کیا جاتا ہے۔