12 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:58
آج نیوز کے مغوی رپورٹر رحمت اللہ کا دوسرے روز بھی سراغ نہ ملا
آج نیوز - آج نیوز کے مغوی رپورٹر رحمت اللہ درپہ خیل کا دوسرے دن بھی سراغ نہیں ملا۔ میرانشاہ پریس کلب کے نائب صدر اور شمالی وزیرستان میں آج نیوز کے نمائندے رحمت اللہ درپہ خیل کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا۔ رحمت اللہ درپہ خیل پریس کلب سے گھر واپس جارہے تھے کہ سبزی منڈی کے قریب تین کاروں میں سوار مسلح نقاب پوشوں نے اغواء کیا۔ ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس ، سافما خیبرپختونخوا اور پشاور پریس کلب میں ہونے والے اجلاسوں میں رحمت اللہ درپہ خیل کے اغوا کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اجلاس کے شرکاء نے حکام سے مغوی صحافی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ صحافی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صوبے میں صحافیوں کا اغوا معمول بنتا جا رہا ہے۔ اس لئے صحافیوں کے تحفظ کے لئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں۔