17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:47
شام: سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ، مزید 17 افراد ہلاک
آج نیوز - شام میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید سترہ افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکا نے خبردار کیا ہے کہ شام پر مزید پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ صدربشارالاسد کے خلاف مظاہروں کو روکنے کیلئے سیکیورٹی فورسز نے لبنان کی سرحد کے قریب مظاہرین پر فائرنگ کی۔ جس سے سترہ افراد ہلاک ہو گئے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق قیصر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے خاتون اور بچے سمیت گیارہ افراد جبکہ حمس میں تین افراد ہلاک ہوئے۔ شمالی علاقے دیر الزور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران چار افراد ہلاک ہوئے۔ تازہ مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد سترہ سو ہوگئی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ بشارالاسد پر دباؤ برھانے کیلئے ضروری ہے کہ شام کی گیس اور تیل کی صنعت پر پابندی عائد کی جائے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق امریکا اور ترکی نے شام میں جمہوری حکومت کے قیام کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب ، ترکی اور مصر نے شام کے صدر بشار الاسد سے مظاہرین پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ روس اور چین نے بشار الاسد پر پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔