تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:47

پنجاب:موسلادھار بارش، حادثات میں تین افراد جاں بحق

آج نیوز - پنجاب میں بارشوں کے ایک اور بڑے سلسلے نے جل تھل کردیا، لوڈ شیڈنگ سے ستائے ہوئے لوگوں کو ایک روز کا سکوں تو ملا مگر کچے گھروں سے اٹھنے والی تین لاشوں اور درجنوں زخمیوں کی چیخ و پکار نے ساون اداس کردیا۔لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں جمعہ کی صبح شروع ہونے والی موسلادھار بارش کے سلسلے نے گرمی کے ستائے روزہ داروں کو جلا بخشی، مگر بارش کے پانی نے جب سیلاب کی شکل اختیار کی، سڑکیں ندی نالوں کا نہیں دریاوں کا منظر پیش کرنے لگیں تو لوگوں کو گھروں کی فکر لاحق ہوگئی۔ سب کی نظریں واسا پر تھیں، مگر واسا کا ساتواں بحری بیڑا نہ پہنچا تو لوگ بالٹیوں سے برساتی سیلاب کو روکنے کی کوششوں میں مصروف ہوگئے۔ جب چھتیں گرنے کی اطلاعات آئیں تو صورتحال تشویشناک ہوگئی۔ تیز بارش سے منصورہ، آؤٹ فال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ ، فیروزوالا،شاہدرہ،گجرات اور دیگر شہروں میں مکانوں کی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ لوگ گھنٹوں سڑکوں اور بس اسٹاپوں پر پھنسے رہے۔ قصور، کامونکی، سرگودھا، میانوالی، کالاباغ اور نواحی علاقوں میں بھی دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں چوراسی ملی میٹر جبکہ اوکاڑہ ساٹھ،سیالکوٹ اکاون،ساہیوال تینتالیس،چکوال سینتیس اور سرگودھا میں بتیس ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی نئی لہر آئندہ دو روز تک ملک کے مختلف حصوں میں وقفوں کے ساتھ بارش برساتی رہے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.