17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:47
سیاسی جماعتوں کو فاٹا میں سرگرمیوں کی اجازت
آج نیوز - صدرآصف علی زرداری نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈردوہزاردو کی فاٹا میں توسیع کے آرڈرپردستخط کردیئے، سیاسی جماعتوں کو فاٹا میں سرگرمیوں کی اجازت مل گئی۔ ایف سی آر کے دوہزارگیارہ کے ترمیمی آرڈر پر بھی دستخط کردئیے گئے۔فاٹا میں سیاسی اصلاحات کے نفاذ کیلئے صدرزرداری نے پولیٹیکل پارٹیز آرڈر دو ہزار دو کو فاٹا تک توسیع دینے کے آرڈر پر دستخط کردئیے۔ صدر نے ایف سی آر کے دوہزارگیارہ کے ترمیمی آرڈر پر بھی دستخط کیے۔ اس موقع پر صدرزرداری نے کہا کہ فاٹا کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پوراکردیا،سیاسی اورقانونی اصلاحات سے قبائلی عوام کوسوسالہ پرانے قانون سے نجات ملے گی،آج ایک تاریخی موقع ہے،انہوں نے کہا کہ فاٹا میں اصلاحات کے مقدمے کی اصل پیروی محترمہ بے نظیر نے کی،صدرنے کہا کہ اب فاٹا میں ہر سیاسی سوچ پروان چڑھ سکتی ہے،صدرنے کہا کہ فاٹا میں جلد اسپتال بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ صوبے بنانے کیلئے پورے پاکستان سے مشاورت کریں گے،لوگوں کوحقوق دینا چاہتے ہیں پاکستان کا بٹوارہ نہیں چاہتے،اس موقعے پروزیراعظم نے کہا کہ جب تک فاٹا کے انفراسٹرکچرمیں ترقی نہیں لاتے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب نہیں ہوسکتے،فاٹا کیلئے فنڈزپندرہ ارب روپے کردئیے ہیں،فاٹا کوماضی میں نظر انداز کیاگیالیکن اب محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا،انہوں نے فاٹا میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔تقریب میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے علاوہ کابینہ کے اراکین اورسفارتکارشریک ہوئے۔