17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:47
سندھ :قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر آج ہڑتال ،شہر قائد میں تشدد کی لہر
آج نیوز - قوم پرست جماعتوں کی جانب سے آج سندھ بھر میں ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے۔ کراچی اورحیدرآباد میں نو بسیں نذر آتش کردی گئیں ۔ جلنے والے گیارہ مسافروں میں سے ایک ہلاک ہوگیا۔کراچی میں تشدد کی نئی لہر نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ نامعلوم افراد نے مختلف علاقوں میں پانچ گاڑیاں جلادیں۔ فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ بس کو جلانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ جلاوٴ گھیراوٴ روکنے پر ناکامی پر ایس ایچ اوسعود آباد اورایس ایچ اوملیرکومعطل کردیا گیا ہے۔ افطار کے فوری بعد جلاوٴ گھیراوٴ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جہانگیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے بعد ایمپریس مارکیٹ کو بند کرادیا گیا۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر حالات کومزید بگڑنے سے سنبھال لیا۔ برہان سینٹر صدر میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ نیپا چورنگی پر نامعلوم افراد نے ایک بس کو آگ لگادی۔ بن قاسم کے علاقے میں ایک پک اپ کو نذر آتش کردیا گیا۔ ٹاور میں منی بس کو آگ لگادی گئی۔ جس میں سوار گیارہ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوسول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ ایک شخص دم توڑ گیا۔ اورنگی ٹاوٴن میٹرو سینیما کے قریب نامعلوم افراد نے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا اور ایک گاڑی کو آگ لگادی۔ گلستان جوہر، ابوالحسن اصفہانی اور گلشن اقبال کے مختلف بلاکس میں بھی فائرنگ کی گئی جس کے بعد بعد دکانیں بند ہوگئیں۔