تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:50

بھارت سے آنے والا سیلابی ریلا پاکستانی حدود میں داخل

آج نیوز - دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے چھوڑا جانے والا پینتالیس ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا پاکستانی حدود سے گزر رہا ہے۔ متعدد دیہات زیر آب آ گئے۔ جبکہ دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ وارننگ سنٹر لاہور کے مطابق دریائے راوی میں سدھنائی اور دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ باقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے پر بدھ کی صبح دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں پانی کا بھاؤ پینتالیس ہزار کیوسک، سلیمانکی میں تیس اور ہیڈ اسلام کے مقام پر نو ہزار کیوسک تھا۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر گزشتہ بارہ گھنٹے میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ دریائے ستلج کے کناروں پر ضلع قصور کے قریب بیس دیہات اور سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ چکی ہے۔ یونین کونسل پکے والا، دھنو والا، پیپل والا، رسول پور،دوآنہ اور علی پور کے ہزاروں متاثرین کیلئے انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ ڈی سی او خانیوال کے مطابق کبیر والا اور میاں چنوں میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں طغیانی سے بیاسی دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس دوران ملک کے آبی ذخائر کی سطح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تربیلا اور منگلا ڈیمز میں پانی کی سطح بالترتیب پندرہ سو بتیس اور بارہ سو دس فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.