17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:50
بھارت نے دریا میں پانی چھوڑ دیا، قصور کے متعدد دیہات زیرآب
آج نیوز - بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد قصور کے متعدد دیہات زیر آب آگئے۔ جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں چھوڑے گئے پانی سے قصورکے دیہات فتی والا، بھکی، دولہ، نگر، مستے کی، بوڑھا سنگھ ،دونہ، میو کے اور گلنچر سمیت متعدد گاؤں زیر آب آگئے ہیں۔ مساجد میں اعلان کرکے لوگوں کو نقل مکانی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے ریلیف کیمپ تو قائم کردیے گئے ہیں لیکن سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے انتظامات تاحال دکھائی نہیں دے رہے۔ سیلاب کے باعث چاول اور مکئی کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ بڑی مقدارمیں اجناس کے ذخیرے کو متاثرہ علاقے سے نکالنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ نے ان کی کسی قسم کی امداد کی بجائے آٹھ کلو میٹر دور ایک کیمپ لگا دیا ہے جو ان کی پہنچ سے باہر ہے۔ مقامی افراد سیلاب میں پھنسے عزیزواقارب کو نکالنے کے لئے کرائے پر کشتیاں حاصل کررہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے حالیہ سیلاب میں حکومتی اداروں کی ناقص کارکردگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہم نے گزشتہ سال کے بدترین سیلاب سے کچھ نہیں سیکھا۔