17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:50
دورہ زمبابوے کیلئے قومی ٹیم بھرپور پریکٹس میں مصروف
آج نیوز - قومی کرکٹ ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دورہ زمبابوے کے لئے تربیتی کیمپ کے دوسرے روز پریکٹس کی۔ نوجوان فاسٹ باؤلر جنید خان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کھیلنے سے ان کی باؤلنگ میں نکھار آیا ہے اور وہ زمبابوے کے خلاف تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوسرے روز کھلاڑیوں نے شیڈول کے مطابق چیف کوچ وقار یونس کی نگرانی میں فزیکل فٹنس،فیلڈنگ کے علاوہ باؤلنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کی۔انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلنے میں مصروف سعید اجمل کیمپ جوائن کرنے کے لئے وطن واپس پہنچ گئے ہیں اور بدھ کے روز کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ اس موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوان فاسٹ باؤلر جنید خان کا کہنا تھا کہ عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس ان کے آئیڈیل باؤلرز ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کی طرح پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم آسان حریف نہیں ہوتی، عمر گل اور وہاب ریاض کے نہ ہونے سے وہ ہرگز دباؤ کا شکار نہیں ہیں۔ جنید خان کا کہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی باؤلنگ کے باوجود وکٹیں لینے میں ناکام رہے تھے مگر آئرلینڈ کے خلاف انہوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔