17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:50
تیسرا ون ڈے: سری لنکا نے آسٹریلیا کو شکست دیدی
آج نیوز - سری لنکا نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں اٹھتر رنز سے شکست دے دی۔ کینگروز کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔ ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سری لنکن اوپنرز تلکرتنے دلشان اور اپل تھرنگا نے ٹیم کو ایک سو انتالیس رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ تھرنگا نے ایک سو گیارہ اور دلشان نے پچپن رنزبنائے۔ سنگاکارا نے اننچاس رنز کی اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں پر دو سو چھیاسی رنزبنائے۔ دوگ بولنجر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ چھ کے مجموعی اسکور پر شین واٹسن پویلین لوٹ گئے۔ ہیڈن اور پونٹنگ کو بھی سری لنکن بالرز نے جلد ہی آؤٹ کردیا۔ جس کے بعد کینگروز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ اور پوری ٹیم پینتالیسویں اوور میں دو سو آٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مائیکل ہسی تریسٹھ رنزبناکر نمایاں رہے۔ لستھ ملنگا نے بہترین بالنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔