17 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:50
بھارتی وزیراعظم کا انا ہزارے کیخلاف حکومتی اقدامات کا دفاع
آج نیوز - بھارتی وزیراعظم نے انا ہزارے کے خلاف حکومتی اقدامات کا دفاع کیا ہے۔ کرپشن کے خلاف برسرپیکار سماجی کارکن کی حمایت میں ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے خطاب میں وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ انا ہزارے لوک پال بل پر موقف تبدیل کرنے کو تیار نہ تھے۔ اور اپنے ہی مسودے پر ڈٹے رہے۔ انا ہزارے کو ہڑتال کرنے کیلئے حکومت کی شرائط ماننا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس انا ہزارے کو گرفتار کرنے پر مجبور ہوئی۔ انا ہزارے کے بارے میں حکومتی ہٹ دھرمی پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ بھارت میں انا ہزارے کی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام نے انا ہزارے کے خلاف ہر حکومتی اقدام مسترد کردیا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے بھارت کے مختلف شہروں میں انا ہزارے کے حق میں مظاہرے کئے۔ ادھر نئی دلی کی تہاڑ جیل کے باہر انا ہزارو کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ جیل میں موجود انا ہزارے نے حکومت کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا ہے اور اسے احتجاج کی اجازت دینے سے مشروط کیا ہے۔