18 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:19
کراچی میں تشدد پاکستان کے استحکام کے لئے وارننگ قرار
آج نیوز - برطانوی اخبار نے کراچی میں تشدد کو پاکستان کے استحکام کے لئے وارننگ قرار دے دیا۔ اخبار کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس کے پاس ناقص اسلحہ ہے اور نفری ضرورت سے بہت کم ہے۔ پولیس طاقتور سیاستدانوں کے خوف سے قاتلوں کو پکڑنے سے ڈرتی ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق حکومت کراچی میں امن قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ پاکستان کے عوام جمہوری حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، حکومت اور فوج کے تعلقات تذبذب کا شکار ہیں۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق کراچی میں تشدد پاکستان کے استحکام اور مغربی ممالک کی سلامتی کے لئے وارننگ ہے۔ کراچی کے علاوہ پاکستان کا کوئی دوسرا شہر ایسا نہیں جہاں بندوق کی سیاست، لسانی اور نسلی کشیدگی، فرقہ وارانہ تناؤ، ریاستی کمزوری ، عسکریت پسندی اور منظم جرائم پیشہ گروہ موجود ہوں۔ اخبار کے مطابق کراچی آج پریشر کْکر بن چکا ہے، جہاں سفاکانہ طرز عمل نے طاقت پکڑ لی ہے۔ ناقص اسلحے سے لیس اور کم نفری پر مشتمل پولیس طاقتور سیاستدانوں کے خو ف سے قاتلوں کو پکڑنے سے ڈرتی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کو حکومت کی طرف سے ٹارگٹ کلرز کو پکڑنے کی نہیں ان پر نظر رکھنے کی ہدایت ہے۔ فنانشل ٹائمز نے کراچی سے متعلق اپنی ایک تفصیلی رپورٹ میں لکھا ہے کہ جنوبی ایشیاء کے اس عظیم اقتصادی انجن کراچی پر کنٹرول کرنے کے لئے سست مگر تسلسل کے ساتھ جنگ جاری ہے۔