18 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:40
باکسرز کو سہولیات نہ دیں تو اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا مشکل ہو گا، اکرم خان
آج نیوز - پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری اکرم خان نے کہا ہے کہ اگرحکومت نے باکسرزکوسہولیات فراہم نہ کیں تواولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔ پی بی ایف کے سیکریٹری اکرم خان نے آج نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوریا میں ہونیوالی ایشین کنفیڈریشن باکسنگ چیمپئین شپ میں پاکستانی باکسرزکی کارکردگی پربہت مایوسی ہوئی۔ ٹریننگ کے مواقع نہ ملنے کی وجہ سے باکسرزکی کارکردگی متاثرہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن نے کئی ماہ قبل وزارت کھیل کو غیر ملکی کوچ کی خدمات حاصل کرنے کیلئے خط لکھا تھا لیکن اٹھارویں ترمیم کے تحت وزارت کھیل وزارت بین الصوبائی رابطہ میں ضم ہونے کے بعد یہ معاملہ کھٹائی میں پڑا ہوا ہے۔ اکرم خان نے بتایا کہ آئندہ ماہ ہونیوالی ورلڈ باکسنگ چیمپئین شپ اولمپکس کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے اگرحکومت ان کیساتھ تعاون کرے توچیمپئین شپ سے پندرہ روزقبل باکسرزکوآذربائیجان بھیجنا چاہتے ہیں تاکہ وہ ایونٹ کی بہترتیاری کرسکیں۔ سیکریٹری پی بی ایف نے بتایا کہ فیڈریشن مالی مشکلات کا بھی شکار ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنی مدد آپ کے تحت باکسرزکوغیرملکی دوروں پربھیج رہے ہیں۔ اکرم خان نے کہا کہ اگرباکسرزکوغیرملکی کوچ اورمطلوبہ سہولیات فراہم نہ کی گئیں تواولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا ایک خواب بن جائے گا۔