18 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:58
لیاری گینگ وارکوپورے کراچی میں پھیلایاجارہاہے،رضاہارون
آج نیوز - متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ لیاری گینگ وارکوپورے کراچی میں پھیلایا جارہا ہے،عالمی برادری لیاری گینگ کی سرپرستی کرنے والے پیپلزپارٹی کے وزراء کولگام دے۔کراچی میں رابطہ کمیٹی ارکان کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب میں رضاہارون نے کہا کہ لیاری میں گینگ مافیا کے درمیان جنگ بہت عرصہ سے جاری ہے،رمضان میں بھی لیاری گینگ جنگ کے نتیجے میں سابق ایم این اے قتل کردئیے گئے،جدید ہتھیاروں کا اسلحہ استعمال ہوا،افسوس کے حکومت اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی،جرائم پیشہ افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی،جس سے گینگ وار کے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں اب اولڈ سٹی میں بسوں سے لوگوں کو اغواکرکے قتل کیاجارہا ہے،حکومت کے وہ عناصردہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں جو پیپلزپارٹی اورایم کیوایم کے درمیان تعلقات خراب دیکھنا چاہتے ہیں،بھتہ نہ دینے کی صورت میں تاجروں پردستی بموں سے حملے کیے جارہے ہیں۔ رضاہارون نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ لیاری گینگ کی سرپرستی کرنے والے وزراء کولگام دے۔صدرزرداری مفاہمتی عمل کو فروغ دینا چاہتے ہیں لیکن صدر کو بھی سوچنا ہوگاکہ شہریوں کے قتل کا سلسلہ جاری رہا تو کیا عوام کو مفاہمتی عمل کا کوئی فائدہ ہوگا؟ صدر اور وزیراعظم سمیت تمام حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کراچی کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔