تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
18 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:55

صدر نے پیپلز پارٹی سندھ کی قیادت کو اسلام آباد طلب کر لیا

اے آر وائی - اسلام آباد : صدر زرداری نے ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے مشاورت کیلئے پیپلزپارٹی سندھ کی قیادت کو کل اسلام آباد طلب کرلیا ہے۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ایم کیو ایم کی وفاقی اور صوبائی سطح پر کابینہ میں واپسی اور وزارتوں کے قلمدان سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے ۔ جن لوگوں کو اجلاس میں بلایا گیا ہے کہ ان میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سید خورشید ، علی نواز شاہ ، آغا سراج درانی ، منظور وسان، شرجیل میمن، اور مراد علی شاہ شامل ہیں ۔



یہ اجلاس ایوان صدر میں جمعہ کی نماز کے بعد ہوگا ۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر کی صدارت اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور ایم کیو ایم کی حکومت میں شمولیت جیسے امور زیر غور آئیں گے۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان پہلے سے ہی اسلام آباد میں موجود ہیں اور صدر ، وزیراعظم سے ملاقاتیں کرچکے ہیں ۔



پیپلزپارٹی کے حلقوں کے مطابق صدر کی پیپلزپارٹی کی صوبائی قیادت سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کو باضابطہ حکومت میں شمولیت کی دعوت پیپلزپارٹی کی جانب سے دی جائے گی جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان زیادہ تر امور طے پاگئے ہیں ۔ مرکزی سطح پر طے پانے والے امور سے صوبائی قیادت کو اس اجلاس کے ذریعے آگاہ کیا جائیگا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.