18 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:37
کراچی:تاجروں کی ہڑتال، شہر کو فوج کے حوالے کرنے کامطالبہ
آج نیوز - کراچی میں قتل و غارت گری اور بھتہ خوری کے خلاف اولڈ سٹی ایریا کے تجارتی مراکز بند رہے، تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں جاری بدامنی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اور شہر کو فوج کے حوالے کر دیا جائے۔کراچی میں جاری بدامنی، قتل و غارت گری اور بھتہ خوری کے خلاف آل کراچی تاجر اتحاد کے جانب سے بولٹن مارکیٹ کھاراد پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ شہر میں جاری بدامنی کے باعث کھارا در، میٹھا در، کاغذی مارکیٹ، برتن بازار، چپل بازار اور بولٹن مارکیٹ احتجاجاً مکمل طور پر بند رہے، احتجاج کے دوران تاجروں نے نعرے بازی کی۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہا کہ تاجروں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، حکومت شہر میں جاری بدامنی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت بھتہ مافیا سے نجات دلائے اور کاروبار جاری رکھنے کے لئے ہرممکن اقدامات کرے۔گزشتہ روز قتل کئے گئے دو تاجروں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جس کے بعد تاجروں نے کھارادر پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنا دیا۔