19 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:56
لاہور: ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 155 ہو گئی
آج نیوز - حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور لاہور میں مریضوں کی تعداد ایک سو پچپن ہوگئی ہے، جبکہ ضلعی حکومت کی طرف سے کیا جانے والا مچھر مار اسپرے بھی بے اثر دکھائی دے رہا ہے۔ شہر میں جاری رہنے والے بارشوں کے سلسلے کے بعد مختلف علاقوں اور پارکوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ جس پر پرورش پانے والے ڈینگی مچھر کا شکار ہونے والے افراد بڑی تعداد میں ہسپتالوں میں پہنچنا شروع ہوگئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مچھر مار اسپرے تو کیا جارہا ہے لیکن کروڑوں کی آبادی والے کئی کلومیٹر میں پھیلے شہر کے لئے گیارہ ٹیمیں ناکافی ہیں جس کی وجہ سے اسپرے کے اثرات دکھائی نہیں دے رہے اور ڈینگی کے شکار افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، لیکن حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر کے حوالے سے حالات کنٹرول میں ہیں۔ محکمہ صحت کے ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھروں کو تلف کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اسپرے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو شہریوں کی بڑی تعداد ڈینگی کا شکار ہو سکتی ہے۔