19 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:17
گرفتار ٹارگٹ کلرز کو میڈیا پر پیش کرینگے، رحمان ملک
آج نیوز - وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے حسب روایت میڈیا سے گفتگومیں دعویٰ کیا ہے کہ کل رات دو بجے کے بعد کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی،اڑتالیس گھنٹوں میں پہلا ٹارگٹ کلرعوام کے سامنے ٹی وی پرپیش کردیا جائے گا۔ نبیل گبول نے رحمان ملک کی حالیہ پیشرفت پراطمینان ظاہرکردیا۔ایک مرتبہ پھرحسب روایت وفاقی وزیرداخلہ کراچی میں امن و امان کے دعوؤں اور وعدوں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات دوبجے کے بعد کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی، رحمان ملک نے ظالموں کو شرم دلاتے ہوئے انہیں اللہ کے عذاب سے بھی ڈرایا۔ پھرایک سوال پرکہا کہ حکومت بے بس نہیں ہے،گزشتہ رات میں باون افراد گرفتارکئے ہیں جو اب ٹی وی پر دکھائے جائیں گے،پہلا ٹارگٹ کلراڑتالیس گھنٹے میں ٹی وی اسکرین پرنظرآجائے گا۔رحمان ملک نے کہا کہ اب سارا کراچی جاگ اٹھا ہے،انہوں نے وعدہ بھی کیا کہ جو معلومات ملے گی اس پرایکشن ضرورہوگا،یوتھ فورس تیار کی جائے گی جو اپنے اپنے محلوں میں نظررکھ سکیں گی۔ آج پانچ چھ علاقے سلیکٹ کیے ہیں جہاں کارروائی کریں گے۔ رحمان ملک نے بتایا کہ کراچی کا امن وہ ہی لوگ تباہ کرنا چاہتے ہیں جو بلوچستان، فاٹا اورپورے پاکستان کوغیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ کراچی سے متعلق رحمان ملک کی حالیہ پیشرفت سے مطمئن ہیں۔ اس موقعے پرسابق چیئرمین چیمبرآف کامرس کراچی زبیرموتی والا نے کہاکہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات تک اطمینان ظاہر نہیں کرسکتے۔