20 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:38
کراچی: جاں بحق پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا
آج نیوز - کراچی میں گذشتہ روز جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ منظور وسان نے کہا ہے کہ سو ٹارگیٹ کلرز پکڑلئے۔امن کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ کراچی میں گذشتہ روز پولیس وین پر حملے کے نتیجہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ آج گارڈن پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان، آئی جی واجد درانی اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔ امام صاحب نے شہر میں امن کی دعا کی۔نماز جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے شہداء کو سلامی دی۔ سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان اور آئی جی واجد درانی نے پولیس کے پرچم میں لپٹے ہوئے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔ منظور وسان نے میڈیا سے بات چیت میں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کے لئے امداد کا اعلان کیا۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ گذشہ شب گرفتار ہونے والے زخمی حملہ آوروں سے تفتیش ہورہی ہے۔گذشتہ رات کورنگی میں ڈی آئی جی ایسٹ نعیم اکرم بروکا کی گاڑی، سندھ ریزرو پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں تین اہلکار جاں بحق اور ڈی ایس پی سمیت چالیس سے زائد اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ زخمی اہلکار جناح اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سی سی پی او سعود مرزا نے اسپتال میں زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی بس پر بیس سے پچیس دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی میں دو حملہ آور مارے گئے۔