تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 اگست 2011
وقت اشاعت: 15:39

فرقہ واریت، بھتہ مافیا اور لسانیت اہم مسائل ہیں،رحمان ملک

آج نیوز - وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ فرقہ واریت، بھتہ مافیا اور لسانیت اہم مسائل ہیں، تاجر برادری پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا جا رہا ہے، منظور وسان کہتے ہیں بھتہ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات انیس سو اٹھاسی سے شروع ہوئے، بہت برداشت کیا، لیکن اب حد ہوتی ہے۔ کراچی کی موجودہ صورتحال پر صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے سائٹ ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ رحمان نے صنعتکاروں سے خطاب میں کہا کہ مجھے وزیراعظم نے کراچی کی صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے بھیجا ہے۔ حکومت شہر میں امن قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے گہری سازش ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ کراچی کے حالات خراب کر کے فوج لائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ سو سے زائد ٹارگٹ کلرز پکڑے گئے ہیں، ان سب کو اڑتالیس گھنٹوں میں میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حالیہ خون خرابہ بھتہ خوری کی وجہ سے ہوا۔ صنعتکاروں کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار بھتہ خوروں کی نشاندہی کریں، اڑتالیس گھنٹوں میں گرفتار کر لیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ بھتہ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات انیس سو اٹھاسی سے شروع ہوئے، پارٹیوں کی ناراضگی کی وجہ سے شہر کے حالات بگڑے۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ دوستوں کا مطابلہ ہے کہ اور ادارے آئیں، بانوے میں بھی ادارے آئے کوئی حل نہیں نکلا ،منظور وسان کا کہنا تھا کہ بہت برداشت کر لیا لیکن اب حد ہوتی ہے، سندھ کی تمام پارٹیوں سے بات کی ہے، مثبت نتیجہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ کالی بھیڑیں ہیں، انھیں نکالنا پڑے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.