20 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:14
شہباز شریف کو کراچی کی صورتحال پرتشویش
آج نیوز - وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کراچی میں قتل و غارت گری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امن کے لیے جلد تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے۔بدین سے واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کراچی میں بے گناہ اور معصوم شہریوں کو بیدردی سے قتل کیا جارہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن اب یہاں صنعتیں بند ہورہی ہیں۔ انہوں نے فوج بلانے کے سوال پر کہاکہ کراچی کے امن کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا حکومت صرف پاکستان کو لوٹنے میں لگی ہوئی ہے۔اس سے پہلے بدین میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں سندھ کے عوام کے ساتھ ہیں۔ شہبازشریف چھتیس ٹرک امدادی سامان لے کر بدین پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام لے کر بدین آئے ہیں۔