21 اگست 2011
وقت اشاعت: 2:31
کراچی :رینجرز کو فری ہینڈ دے دیا ،رحمان ملک
آج نیوز - وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کراچی میں امن کے لیے پولیس اور رینجرز کو فری ہینڈ دے دیا۔ فوج سرحدوں پر مصروف ہے بلانے کی ضرورت نہیں۔ منظور وسان کہتے ہیں کہ بھتہ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات انیس سو اٹھاسی سے شروع ہوئے، بہت برداشت کیا، لیکن اب حد ہوگئی ہے۔ کراچی کی موجودہ صورتحال پر صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے سائیٹ ایسوسی ایشن کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے صنعتکاروں سے خطاب میں کہا کہ مجھے انہیں وزیراعظم نے کراچی کی صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے بھیجا ہے۔ حکومت شہر میں امن قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے گہری سازش ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ کراچی کے حالات خراب کر کے فوج لائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سو سے زائد ٹارگیٹ کلرز پکڑے گئے ہیں، ان سب کو اڑتالیس گھنٹوں میں میڈیا کے سامنے لائیں گے۔ لایا جائے گا۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حالیہ خون خرابہ بھتہ خوری کی وجہ سے ہوا۔ صنعتکاروں کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صنعتکار بھتہ خوروں کی نشاندہی کریں، اڑتالیس گھنٹوں میں گرفتار کر لیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ بھتہ اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات انیس سو اٹھاسی سے شروع ہوئے، پارٹیوں کی ناراضگی کی وجہ سے شہر کے حالات بگڑے۔ صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کچھ دوستوں کا مطالبہ ہے کہ اور ادارے آئیں ، بانوے میں بھی ادارے آئے کوئی حل نہیں نکلا ،منظور وسان کا کہنا تھا کہ بہت برداشت کر لیا، لیکن اب حد ہوتی ہے، ہوگئی ہے، سندھ کی تمام پارٹیوں سے بات کی ہے، مثبت نتیجہ آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ کالی بھیڑیں ہیں، انھیں نکالنا پڑے گا۔