21 اگست 2011
وقت اشاعت: 6:48
عید پر چار فلموں کی ایکساتھ نمائش لالی وڈ کیلئے رسک قرار
آج نیوز - اداکار غلام محی الدین، دردانہ رحمان اور کنول نے عید پر بڑے بجٹ کی چار فلموں کی ایک ساتھ نمائش کو لالی وڈ کے لئے رسک قرار دے دیا۔ فیصل ٹاؤن لاہور میں قائم ہونے والی نئی بوتیک کا افتتاح لالی وڈ کے معروف اداکار غلام محی الدین نے کیا، اس موقعے پر اداکارہ کنول اور دردانہ رحمان بھی موجود تھیں۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ عیدالفطر پر جدید تکنیک اور نئے موضوعات پر مبنی ان مہنگی فلموں کی ایک ساتھ نمائش لالی وڈ کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ بڑے بجٹ کی چار فلموں کی نمائش کے بعد فلمی صنعت کے ان باکس میں کوئی قابل ذکر فلم باقی نہیں بچے گی، جس پر مستقبل میں انحصار کیا جا سکے۔ فنکاروں نے کہا کہ وہ عید پر نمائش کے لئے پیش کی جانے والی فلموں کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ عیدالفطر پر ریما خان کی ''لو میں گم''،فیصل بخاری کی ''بھائی لوگ'' اور سید نور کی ''جگنی'' سمیت چار فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں۔ فلم اور ٹیلی ویژن کے فنکاروں نے زہرا امین بوتیک کی عید ورائٹی کے ڈیزائنز اور رنگوں کے امتزاج کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب قیمتوں کو بھی سراہا۔