21 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:17
بھارت مزید 50 ہزار کیوسک پانی کا ریلا آج ستلج میں چھوڑے گا
آج نیوز - بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں چھوڑا جانے والا مزید پچاس ہزار کیوسک کا ریلا آج شام گنڈا سنگھ والا کے مقام سے گزرے گا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور سندھ کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور میں سیلاب کے خطرے سے آگاہ کرنے والے مرکز نے بتایا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر شام کے اوقات میں نچلے درجے کا سیلاب ہو گا۔ یہاں سے پچاس ہزار کیوسک پانی کا ریلا گزرے گا۔ بھارت نے ہفتے کے روز ہریکے اور روپڑ سے ایک لاکھ کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا تھا۔ دیگر دریا معمول کے مطابق بہ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب اور کشمیر کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ زیادہ تر مقامات کا موسم خشک رہا۔ سب سے زیادہ 70 ملی میٹر بارش نورپورتھل میں ہوئی۔ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران حیدرآباد، میرپورخاص، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور، بہاولپور ڈویڑن اورکشمیر میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تربیلامیں پانی کی سطح 1541 اور منگلا ڈیم 1202 فٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔