21 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:33
سندھ: بارشوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے لگے
آج نیوز - اندرون سندھ بارش کے بعد جمع ہونے والے پانی کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے لگے۔ میرپور خاص، عمر کوٹ، ٹھٹہ اور بدین میں بارش کو ایک ہفتہ گذرچکا ہے۔لیکن نشیبی علاقوں میں ابھی تک پانی جمع ہے۔ بعض علاقوں میں سیوریج کا پانی پینے کے پانی کی لائنوں میں شامل ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ گندگی اور غلاظت کی اس نئی لہر نے اپنا رنگ دکھانا شروع کردیا ہے۔ الٹی، دست اور پیٹ کی دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد اسپتالوں کا رخ کررہی ہے۔ بہت سے لوگ جلدی امراض کا بھی شکار ہیں۔متاثرین میں بڑی تعداد بچوں کی ہے۔ گوٹھ علیانی میں دو بچے گیسٹرو کی نذر ہوئے جب کہ گل شیر گورچانی میں دو بچے چل بسے۔سول اسپتال میر پور خاص میں داخل مریضوں کے لواحقین نے ادویہ باہر سے منگوانے کی شکایت کی ہے۔ ٹھٹھہ میں بھی صاف پانی کی عدم دستیابی سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ جاتی میں وبائی امراض پھٹ پڑے ہیں۔ صرف گاؤں ابراہیم رند کے ایک گھر کے تمام چودہ افراد گیسٹرو کا شکار ہوگئے ہیں۔ بدین اور گولارچی کے اسپتالوں میں اکتیس مریض داخل کئے گئے ہیں۔۔ان میں سے تین بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔