21 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:15
بھارت: کرپشن کیخلاف انا ہزارے کی بھوک ہڑتال جاری
آج نیوز - نئی دلی میں بھارت سرکار کی بدعنوانیوں کے خلاف انا ہزارے کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ برطانیہ میں بھی انسداد بدعنوانی بل کی حمایت میں مظاہرے کئے گئے۔ بھارت میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سماجی کارکن انا ہزارے موثر قانون سازی چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے دلی کے رام لیلا گراؤنڈ پر انا ہزارے کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں انا ہزارے کے حامی بھی بڑی تعدا میں موجود ہیں۔ انا ہزارے کے قریبی ساتھ اروند کجری وال نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا حکومت اکثریت میں ہے ،، وہ چاہے تو کوئی بھی بل پارلیمنٹ سے منظور کراسکتی ہے۔ حکومت کو فوری طور پر سول سوسائٹی کا لوک پال بل پارلیمنٹ میں لانا چاہئیے۔ وفاقی وزیر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے پارلیمنٹ سپریم ہے ،،، انا ہزارے وضاحت کرے وہ مخصوص قسم کے بل پر کیوں زور دے رہے ہیں۔ دوسری جانب لندن میں بھی انا ہزارے کے حامیوں نے اوول اسٹیڈیم کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا وہ انا ہزارے سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے ہیں جو کرپشن کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے اناہزارے کی بھوک ہڑتال اور سول سوسائٹی کی بھرپور حمایت کے پیش نظر کانگریس حکومت مشکل میں پڑسکتی ہے۔