21 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:8
رمضان کا آخری عشرہ ،مسلمان اعتکاف میں بیٹھ گئے
آج نیوز - رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہو گیا، لاکھوں مسلمان اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور شب قدر پانے کے لئے اعتکاف بیٹھ گئے۔رمضان المبارک کے آخری عشرے کے اعمال میں سے ایک عمل اعتکاف بھی ہے، اس کے معنی اللہ تعالی کا تقرب حاصل کرنا ہے۔ اعتکاف کی حقیقت یہ ہے کہ بندہ یکسو ہو کر اللہ سے لو لگائے اور تنہائی میں اس کی عبادت اور ذکر و فکر میں مشغول رہے۔ اس عشرے کی امتیازی حیثیت یہ ہے کہ اس میں ایک ایسی رات پائی جاتی ہے، جس میں عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے بھی افضل ہے۔ اعتکاف میں بندہ اللہ کی رضا کیلئے خود کو مکمل طور پر اللہ کی عبادت میں منہمک کر دیتا ہے اور وہ دنیا کے ان تمام مشاغل سے کنارہ کش ہو جاتا ہے جو اللہ کے قرب کی راہ میں حائل ہوتے ہیں۔ام الموٴمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے حدیث روایت ہے کہ "جس شخص نے پورے ایمان کے ساتھ ثواب کی نیّت سے اعتکاف کیا، اس کے تمام پچھلے گناہ معاف کر دیئے جائیں گے۔"