21 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:10
دریائے ستلج :ریلہ گنڈا سنگھ کے مقام سے گزر گیا ،کھڑی فصلیں تباہ
آج نیوز - بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں چھوڑا جانے والا مزید باسٹھ ہزار کیوسک کا ریلا گنڈا سنگھ والا کے مقام سے گزر گیا، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔لاہور میں سیلاب کے خطرے سے آگاہ کرنے والے مرکز کے مطابق کہ دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر شام کے اوقات میں نچلے درجے کا سیلاب تھا۔ یہاں سے باسٹھ ہزار کیوسک کا ریلا گزرا، جس سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
بھارت نے ہفتے کے روز بھی ہریکے اور روپڑ سے ایک لاکھ کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا تھا۔ دیگر دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب اور کشمیر کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ زیادہ تر مقامات کا موسم خشک رہا۔ سب سے زیادہ ستر ملی میٹر بارش نورپورتھل میں ہوئی۔ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران حیدرآباد، میرپورخاص، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور، بہاولپور ڈویڑن اورکشمیر میں کہیں کہیں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تربیلا میں پانی کی سطح پندرہ سو اکتالیس اور منگلا ڈیم میں بارہ سو دو فٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔