22 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:59
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی
آج نیوز - لیبیا کی صورتحال میں بہتری کی توقعات پر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔ برینٹ کروڈ ایک سو چھ ڈالر کی سطح پر آگیا۔ لیبیا میں گزشتہ چھ ماہ سے جاری کشیدگی اور خانہ جنگی کے خاتمے کی توقعات اور اس کے باعث خام تیل کی سپلائی بحال ہونے کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ ساتھ ہی عالمی سطح پر معاشی سست روی کے خدشات کے باعث تیل کی طلب کم ہونے کے امکان پر بھی قیمتیں کمی کا شکار ہیں۔ ایشیائی سیشن میں برینٹ کروڈ کی قیمت دو ڈالر چھتیس سینٹس کمی کے بعد ایک سو چھ ڈالر چھبیس سینٹس تک گر گئی۔ جبکہ ایک بیرل لائٹ سویٹ کروڈ کے سودے بیاسی ڈالر کی سطح پر ٹریڈ کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ لیبیا عالمی تیل کی سپلائی کا دو فیصد حصہ فراہم کرتا ہے۔ گزشتہ چھ ماہ سے جاری کشیدگی اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے لیبیا سے تیل کی برآمد معطل ہوگئی تھی۔ جس کی وجہ سے اپریل کے مہینے میں برینٹ کروڈ کی قیمت دو سال کی بلند ترین سطح ایک سو ستائیس ڈالر کی سطح سے تجاوز کر گئی تھی۔