8 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:58
ایندھن کے بعد ریلوے کو اب انجنوں کی کمی کا سامنا
آج نیوز - ایندھن کے بعد پاکستان ریلوے کو اب ایک بار پھر انجنوں کی کمی کا سامنا ہے۔ ٹرینیں منزل پر پہنچنے کے بجائے آدھے راستے میں ہی مسافروں کو اتارنے لگیں۔ وزارت ریلوے کے ذرائع کے مطابق خدا خدا کرکے پاکستان ریلوے کو ایندھن کی کمی سے چھٹکارا ملا تو اب انجنوں کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق انجنوں کی کمی کے باعث حکام نے ٹرینوں کے اسٹاپ کم کردیئے ہیں اور بڑی ٹرینیں اب اپنا روٹ مکمل نہیں کرتیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیز گام ایکسپریس کا آخری اسٹیشن اب لاہور بنا دیا گیا ہے اور راولپنڈی سے تیزگام کے مسافروں کو ریل کار کے ذریعے لاہور بھجوایا جاتا ہے جہاں سے وہ تیزگام میں سوار ہوکر کراچی جاتے ہیں۔ اسی طرح کراچی سے پنڈی آنے والے مسافروں کو لاہور اسٹیشن سے ریل کار کے ذریعے منزل مقصود تک پہنچایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے پشاور کیلئے چلنے والی عوامی ایکسپریس بھی راولپنڈی میں ہی اپنے سفر کا اختتام کردیتی ہے اور مسافر اپنا باقی سفر بسوں کے ذریعے طے کرنے پر مجبور ہیں جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔